دھونی ،گیل اور شعیب ملک ورلڈ کپ میں سب سے سینئرکھلاڑی

نئی دہلی ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مہندر سنگھ دھونی 30 مئی کو شروع ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ میں’ گاڈ فادر‘ کے طور پر اتریں گے۔دھونی انگلینڈ کی سر زمین پر ہونے والے ورلڈ کپ کے سب سے تجربہ کارکھلاڑی ہوں گے۔ وہ اس ٹورنمنٹ میں واحد ایسے کھلاڑی کے طور پر اتریں گے جس نے 300 سے زائد میچ کھیلے ہیں۔ اپنا چوتھا ورلڈکپ کھیلنے جا رہے دھونی اب تک ہندوستان کی طرف سے 338 ونڈے میچ کھیل چکے ہیں۔ اس ورلڈ کپ کی 10 ٹیموں میں دیگر کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جس نے 300 میچ کھیلے ہیں۔ہندوستان کو اپنی کپتانی میں2011 میں عالمی کپ جت چکے ہیں اور2015 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک پہنچانے والے37 سالہ دھونی کا یہ آخری ورلڈکپ ہوگا۔ دھونی اپنے آخری ورلڈ کپ کو ایک اور خطابی جیت کے ساتھ یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میںکپتان وراٹ کوہلی 227 میچ، نائب کپتان روہت شرما 206 میچ، رویندر جڈیجہ 151 میچ، شکھر دھون 128 میچ کا تجربہ رکھتے ہیں اور بھونیشور کمار 105 میچ کھیل چکے ہیں ۔ تجربے اور ونڈے میں زیادہ میچ کھیلنے کے معاملے میں دھونی کے سب سے نزدیکی حریف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ہیں جنہوں نے 286 میچ کھیلے ہیں۔پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک 284 میچوں کے ساتھ اس ورلڈکپ کے تیسرے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہوں گے۔