دھرما پور کے قریب بھیانک سڑک حادثہ، 3 افراد ہلاک

محبوب نگر۔/27 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر منڈل کے دھرما پور کے قریب منگل کی شب 9 بجے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 3 افراد برسر موقع ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ رورل ایس آئی بھاسکر ریڈی کے بموجب نارائن پیٹ ضلع کے مرکل منڈل کے چتانور کاراج شیکھر جو حیدرآباد میں ہوٹل چلاتا تھا اپنے آبائی وطن ایک تقریب میں شرکت کیلئے آیا تھا اورواپسی کیلئے کرایہ کی کار میں حیدرآباد کیلئے روانہ ہوا۔ دھرما پور کے قریب سامنے جانے والی کار جو کرناٹک کے ضلع یادگیر کے ڈپٹی کمشنر اکسائیز نریندر کمار کی تھی کو اوور ٹیک کرنے کے دوران مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکرا گئی ، لاری ڈرائیور نے حادثہ کو ٹالنے کیلئے زبردست بریک لگایا لیکن بے قابو ہوکر لاری اور کار دونوں الٹ گئے۔ ڈپٹی کمشنر کی کار کو معمولی نقصان ہوا۔ ڈرائیور اور کمشنر محفوظ رہے۔ جبکہ راج شیکھر کی کار کا ڈرائیور بابا 40 سالہ، راج شیکھر کی لڑکی لکشمی 35 سالہ، نواسہ 4 سالہ راہول برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ جبکہ مالنا اور مورتی شدید زخمی ہوگئے جنہیں جنرل ہاسپٹل محبوب نگر منتقل کیا گیا۔ رورل پولیس مقدمہ درج کرکے تحقیقات کررہی ہے۔