دھاندلیاں کرنے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے :رویندر رینہ

جموں ۔30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے جموں وکشمیر بنک میں بھرتیوں اور پبلک سروس کمیشن کے امتحانات سے متعلق انکشافات پر کہا کہ دھاندلیوں کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے دھاندلیاں کرنے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے ۔ رویندر رینہ نے منگل کے روز یہاں جموں میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب کونسلروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا ‘ہم گورنر صاحب سے گذارش کرتے ہیں کہ فوراً ایف آئی آر درج کی جائے ۔ اگر انہیں لگتا ہے کہ کے اے ایس کے نتائج میں دھاندلی کی گئی ہے ، فوراً ایف آئی آر درج کی جائے ۔ جہاں کہیں بھرتیوں میں دھوکہ دہی یا دھاندلی کی گئی ہے ، ایف آئی آر رجسٹر کرکے دھاندلی کرنے والوں کو پھانسی کے تخت پر لٹکایا جائے ‘۔ بتادیں کہ گورنر موصوف نے گذشتہ روز ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جموں و کشمیر بنک میں سابق حکومت کے سیاسی ورکروں کو منتخب امیدواروں پر ترجیح دی گئی جبکہ پبلک سروس کمیشن نے امتحان دینے کے بغیر ہی ایک شخص کو کے اے ایس بنادیا۔