دو لاکھ سپاہی‘ ہزاروں گاڑیاں‘ بیسیوں ہیلی کاپٹرس

نئی دہلی۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ دو لاکھ سے زیادہ بندوق بردار نیم فوجی سپاہی، ہزاروں گاڑیاں اور تقریباً 12 ہیلی کاپٹرس ملک گیر سطح پر بِلارکاوٹ اور تشدد سے پاک لوک سبھا انتخابات کے لئے تعینات کئے جائیں گے جن کا آغاز 7 اپریل سے ہورہا ہے۔ 9 مرحلوں پر مشتمل انتخابات تقریباً دو ماہ تک جاری رہیں گے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے 543 انتخابی حلقوں میں جو جملہ 81.4 کروڑ رائے دہندے رکھتے ہیں، ان حفاظتی انتظامات کا منصوبہ بنایا ہے۔ تشدد زدہ ریاستوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری گنپتی نے کہا کہ یہ ایک زبردست کارروائی ہے، لیکن ہم پُرامن رائے دہی کو یقینی بنائیں گے۔ ہم نکسلائیٹس زدہ ریاستوں میں، جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ہند کی ریاستوں میں خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔ 2 لاکھ نیم فوجی ارکان عملہ گاڑیوں کے ساتھ سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی اور آسام رائفلز کے ارکان عملہ ملک گیر سطح پر تعینات کئے جارہے ہیں۔ وزارت داخلہ 100 سے زیادہ ٹرینوں کی خدمات بھی حاصل کرے گی تاکہ انتخابات کے دوران تعینات کئے جانے والے نیم فوجی سپاہیوں کی منتقلی ممکن ہوسکے۔

اس زبردست کارروائی کے دوران ٹرینیں سپاہیوں کی تیز رفتار منتقلی کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ ایک ریاست سے دوسری ریاست کو انتخابی پروگرام کے مطابق اور حفاظتی ضروریات کی تکمیل کے لئے سپاہیوں کو منتقل کیا جائے گا۔ ریلوے سے ہر کمپنی کے لئے دو سلیپر کوچ مختص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور خصوصی ٹرینوں میں عام کوچ بھی ہوں گے تاکہ سپاہیوں کی بِلارکاوٹ منتقلی ممکن ہوسکے۔ ٹرینیں طویل مسافتی منتقلی کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ مختصر مسافت طئے کرنے کے لئے کاروں سے سفر کیا جائے گا۔ ہزاروں، سینکڑوں کاریں سپاہیوں کی منتقلی کے لئے حاصل کی جارہی ہیں۔ تقریباً 12 ہیلی کاپٹرس لوک سبھا انتخابات کے ہر مرحلہ میں تعینات کئے جائیں گے۔ بی ایس ایف کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرس بھی حاصل کئے جائیں گے۔