دو تلگو ریاستوں میں دسہرہ تہوار کو تاریخی اہمیت

تلنگانہ میں 27 اضلاع کے قیام کا اعلان ، اے پی کے نئے سکریٹریٹ کا امراوتی میں آغاز
حیدرآبادیکم اکتوبر(سیاست نیوز ) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے اس سال دسہرہ فیسٹول تاریخی ہوگا کیونکہ دونوں ریاستوں میں دسہرہ سے نئے کام کی شروعات ہونے جارہی ہے ۔ تلنگانہ میں دسہرہ سے نئے اضلاع ‘ منڈل اور ریونیو ڈیویژن کام کرنا شروع کردیں گے تو وہیں پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں نئے دارالحکومت امراوتی سے حکمرانی کا آغاز ہوجائے گا ۔ دسہرہ کسی بھی کام کی بہتر شروعات کی علامت ماناجاتا ہے اور اچھے کام کی شروعات دسہرہ فیسٹول کے موقع پر کی جاتی ہے جسے وجئے دشمی بھی کہا جاتا ہے ۔ تلنگانہ میں موجودہ دس اضلاع کو تقسیم کرتے ہوئے ان کی تعداد 27کی جارہی ہے اور دسہرہ سے یہ اضلاع کام کرنا شروع کردیں گے ۔ اس سلسلہ میں عوام سے رائے اور مشورے بھی حاصل کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی تمام دیہاتوں ‘منڈل مراکز میں نئے اضلاع کے قیام کا جشن منایا جائے گا ۔ دوسری طرف آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد دونوں تلگو ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت حیدرآباد سے حکمرانی کا آغاز کرنے والی آندھراپردیش ریاست نے مکمل طور پر اپنے محکمہ جات کو ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی منتقل کردیا ہے جہاں سے دسہرہ کے موقع پر حکمرانی کی شروعات ہوگی ۔ ویلگا پوڈی میں سکریٹریٹ کی عمارت کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے ۔ اسی دن وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں داخل ہوں گے ۔ آندھراپردیش میں وجئے دشمی کے دن بھی پولاورم پروجیکٹ کے کنکریٹ کے کاموں کا آغاز ہوگا ۔ اس طرح دونوں ریاستوں کیلئے اس سال دسہرہ خصوصی فیسٹول بن گیا ہے ۔