دو افراد کی خودکشی

حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) مزید جہیز کیلئے ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ کیسرا پولیس کے بموجب 24 سالہ آر رجیتا کی شادی 4 سال قبل مہیش سے ہوئی تھی اور وہ کیسرا کے علاقہ ستیہ نارائنا کالونی میں مقیم تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ رجیتا کو اُس کا شوہر اور دیگر سسرالی رشتہ دار اُسے مزید جہیز کیلئے مبینہ طور پر ہراساں کیا کرتے تھے جس کے نتیجہ میں اُس نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کے ایک اور واقعہ میں بیوی سے جھگڑے کے بعد ایک شخص نے عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 62 سالہ ایس رمنا جو پیشہ سے مزدور تھا، آئے دن بیوی سے جھگڑا کیا کرتا تھا اور دلبرداشتہ ہوکر اُس نے پانی میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا۔