دونوں شہروں کے سرکاری اسکولس میں بائیو میٹرک حاضری نظام

بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور اساتذہ کی بھرتی پر بھی غور کرنے کی ضرورت ، طلبہ کی تعلیم پر منفی اثر
حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) ریاست میں تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام سرکاری ہائی اسکولوں میں بائیو میٹرک حاضری نظام رائج کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں میں فوری طور پر اساتذہ کیلئے حاضری نظام عصری بنانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور جلد ہی تمام ہائی اسکولس میں اساتذہ کی حاضری کیلئے بائیو میٹرک نظام رائج کردیا جائے گا۔ اساتذہ کی غیر حاضری اور تاخیر سے پہنچنے کی شکایات کو دور کرنے کیلئے کئے جارہے اس اقدام کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے اس بات کو منظوری دے دی ہے کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو بروقت اور یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام کیا جارہا ہے جبکہ بعض گوشوں سے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بجائے عصری حاضری نظام رائج کئے جانے پر اعتراض کیا جارہا ہے۔ چونکہ اساتذہ کی حاضری سے زیادہ اہمیت کا حامل مسئلہ سرکاری اسکولوں میں بیت الخلاء، پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ اسی طرح بیشتر سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے تقرر سے عدم دلچسپی اور مخلوعہ جائیدادوں میں ہورہے بتدریج اضافہ کے سبب طلبہ کی تعداد میں کمی واقع ہورہی ہے اسی لئے حکومت کو چاہیئے کہ وہ اساتذہ کی حاضری کو بہتر بنانے اور اسے عصری سہولت سے جوڑنے کے علاوہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کرے تاکہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کو بہتر بنایا جاسکے۔