دونوں شہروں میں کل جشن عیدمیلاد النبیﷺو میلاد جلوس اور خون کا عطیہ کیمپس

حیدرآباد 2 جنوری ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست بھر میں 4 جنوری بروز اتوار عید میلاد النبیﷺ جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔ سنی یونائیٹیڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام شہر میں تاریخی مکہ مسجد سے مغل پورہ پلے گراونڈ تک میلاد جلوس کا انعقاد عمل میںآئے گا۔ قبل ازیں سنی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام مکہ مسجد تا حج ہاوز نامپلی جلوس کا اہتمام عمل میں آئے گا ۔ 12 ربیع الاول کے مطابق 4 جنوری کو جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جلسہ ہائے رحمت اللعالمین ، زیارت آثار مبارک ﷺ ،خون کا عطیہ کیمپ کے علاوہ دیگر فلاحی خدمات کے انعقاد کے ذریعہ جشن رحمت اللعالمین منایا جائے گا۔ 12 ربیع الاول کو سنی یونائٹیڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے میلاد جلوس کی نگرانی حضرت مولانا سید شاہ ابراہیم حسن حسینی القادری المعروف سجاد پاشاہ کریں گے۔ مولانا سجاد پاشاہ جلوس کو تاریخی مکہ مسجد کے پاس جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے بعدازاں معتمد صدر مجلس علمائے دکن حضرت مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری دعاء فرمائیں گے ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں امیر اہلسنت الجماعت حضرت مولاناحامد حسین حسان فاروقی کی زیر نگرانی سنی دعوت اسلامی کا مرکزی جلوس مکہ مسجد سے روانہ ہوگا جو کہ حج ہاوز نامپلی پر اختتام کو پہنچے گا ۔ کَُل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام نظام کالج گراونڈ پر 12 ربیع الاول کو عظیم الشان جلسہ رحمت اللعالمینؐ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ تنظیم ارشاد المسلمین و فوکس کی جانب سے دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر خون کے عطیہ کیمپس منعقد کئے جائیں گے جہاں عطیہ دہندگان کی جانب سے دیئے جانے والے خون کے عطیہ کو تھیلسمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے حوالے کردیا جائے گا ۔ دونوں شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر شرعی حدود کو برقرار رکھنے کے علاوہ کسی بھی طرح کی غیر شرعی حرکات سے پاک جلوس کو یقینی بنانے کیلئے منتظمین کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مختلف علماء و مشائخین کی جانب سے جلوس کے شرکاء سے اس بات کی اپیل کی جارہی ہے کہ وہ غیر شرعی امور بالخصوص ڈی جے وغیرہ سے اجتناب کریں چونکہ اس طرح کی حرکات سے لوگوں کو انگشت نمائی کا موقع حاصل ہورہا ہے ۔ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ نے بتایا کہ جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سنی یونائیٹیڈ فورم کی نگرانی میں والینٹرس کو بھی تیار رکھا گیا ہے تا کہ جلوس گذرنے کے راستوں پر کسی قسم کی بد نظمی نہ ہونے پائے ۔شہر کی مختلف خانقاہوں کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد میں بھی 12 ربیع الاول کو زیارت آثار شریف ﷺ کا اہتمام رہے گا ۔