دونوں شہروں میں پولیس کی تلاشی مہم میں شدت

3 گجراتی تاجرین حوالہ کے کاروبار میں ملوث ہونے کا انکشاف
حیدرآباد ۔ /26 مارچ (سیاست نیوز) مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر دونوں شہروں میں پولیس تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور ٹاسک فورس نے ایک تازہ ترین کارروائی کے دوران غیرقانونی طور پر منتقل کی جانے والی 48 لاکھ نقد رقم کو ضبط کرلیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے 3 تاجرین ویپل کمار پٹیل ، اوپیندر کمار پٹیل اور پٹیل چیتن کمار شہر میں بڑے پیمانے پر حوالے کا کاروبار چلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواہشمند گاہکوں کو 0.6 شرح پر غیرقانونی طور پر نقد رقومات کی منتقلی کا کاروبار کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ افراد گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع پی اومیش چندرا اینڈ کمپنی سے رقومات کا آرڈر حاصل کرکے شہر میں ضرورت مند افراد کو غیرقانونی طور پر رقم فراہم کیا کرتے تھے ۔ حوالے کی رقم منتقلی کی اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس نے ویپل کمار اور دیگر افراد کو روڈ نمبر 10 بنجارہلز اسٹار ہاسپٹل کے قریب انہیں حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 48 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کرتے ہوئے انہیں انکم ٹیکس عہدیداروں کے حوالے کردیا ۔