دونوں شہروں میں نئے سال کا جشن

حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں سال نو 2015کی تقاریب جوش و خروش سے منائی گئیں۔ پولیس کی سخت ترین سیکورٹی کے درمیان سڑکوں پر نوجوانوں کو سال نو کا جشن مناتے ہوئے رقص و سرور میں مصروف دیکھا گیا۔ موٹر سیکل ریالیاں نکالی گئیں خاص کر شہر کے مرکزی مقام ٹینک بنڈ پر جشن کا ماحول تھا۔ شہر کے کلبس اور ہوٹلس میں بھی نوجوانوں نے نئے سال کا جشن منایا جبکہ کئی شہریوں نے اپنے مکانات اور اپارٹمنٹس کی چھتوں پر جشن منانے کو ترجیح دی۔ گھڑی میں 12بجنے کے ساتھ ہی کئی نوجوانوں نے سڑکوں پر جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ رات دیر گئے تک بھی شہر میں نئے سال کا جشن منایا گیا۔ کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ بنگلور میں بم دھماکہ کے باعث حیدرآباد پولیس نے شہر میں سیکورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔ کمشنر پولیس نے نئے سال کے جشن کے موقع پر انتظامات کی راست نگرانی کی۔ حیدرآباد کے اہم چوراہوں پر پولیس کی مسلح گاڑیوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ پولیس نے حسین ساگر کے اطراف ٹریفک تحدیدات عائدکی تھیں اور دونوں شہروں کے تمام فلائی اوورس کو بند کردیا گیا تھا۔نئی ریاست تلنگانہ میں عوام نے نئے سال 2015کا جوش و خروش سے استقبال کیا۔تلنگانہ حکومت نے بھی نئے سال کے موقع پر ترقیاتی پالیسیاں بنانے پر توجہ دی ہے۔