دونوں تلگو ریاستوں میں قانون ساز کونسل انتخابات کی تیاریاں

اساتذہ و گرائجویٹس کے قطعی ووٹر لسٹ کی 20 فروری 2019ء کو اجرائی

حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی الیکشن کمیشن دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں بہت جلد مخلوعہ ہونے والی ارکان قانون ساز کونسل کی نشستوں کیلئے انتخابات منعقد کروانے کی ابتدائی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ 29 مارچ 2019ء کو ریاست آندھراپردیش میں 3 اور ریاست تلنگانہ میں 3 جملہ 6 اساتذہ حلقہ اور گرائجویٹ حلقوں کے کونسل ارکان کی میعاد ختم ہوگی اور ان حلقہ جات کیلئے انتخابات منعقد کرنے سے متعلق عمل کے ایک حصہ کے طور پر الیکشن کمیشن یکم ؍ اکٹوبر کو مذکورہ حلقہ جات سے متعلق اساتذہ اور گرائجویٹس کی ووٹر لرسٹ جاری کرے گی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مذکورہ حلقہ جات کیلئے اہل افراد اپنے نام ووٹر لسٹ میں شامل کروانے کیلئے 6 نومبر تک مدت مقرر کرکے موقع فراہم کیا جائے گا اور بعدازاں دوبارہ یکم ؍ جنوری 2019ء کو مسودہ ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی اور بتایا جاتا ہیکہ ماہ جنوری کے اختتام تک مسودہ فہرست پر اعتراضات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح اعتراضات و یادداشتیں قبول کرکے ان تمام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ٹیچرس حلقہ جات اور گرائجویٹ حلقہ جات کیلئے 20 فروری 2019ء کو قطعی ووٹر لسٹ (فہرست رائے دہندگان) کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ آئندہ سال یعنی 29 مارچ 2019ء کو تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کے جن ارکان کی میعاد ختم ہوگی ان میں مسرس سوامی گوڑ (موجودہ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جوکہ حلقہ گرائجویٹ متحدہ اضلاع میدک، نظام آباد، کریم نگر اور عادل آباد کی نمائندگی کرتے ہیں) پی رویندر حلقہ اساتذہ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ اور پی سدھاکر ریڈی، حلقہ اساتذہ میدک، نظام آباد، کریم نگر اور عادل آباد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سبکدوش ہوجائیں گے۔ اسی طرح ریاست آندھراپردیش میں مسٹر کے روی کرن ورما جوکہ حلقہ گرائجویٹ اضلاع مشرقی و مغربی گوداوری، مسٹر بی ناگیشور راؤ جو کہ حلقہ گرائجویٹ اضلاع کرشنا، گنٹور اور مسٹر جی سرینواسلو جوکہ حلقہ اساتذہ اضلاع سریکاکلم، وجیا نگرم اور وشاکھاپٹنم کی نمائندگی کرتے ہیں، سبکدوش ہوجائیں گے۔