دوسروں کی مدد میں بھلائی کا راز پوشیدہ ہے

یہ تیز رفتاری کادور ہے ۔ ہر شخص اپنے مسائل میں الجھا اور افراتفری کا شکار نظر آتا ہے ۔ ذاتی مسائل اور ذمہ داریاں اپنی جگہ لیکن ارد گرد موجود افراد کے حال سے باخبر رہنا بھی ضروری ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کے گرد و پیش میں موجو کوئی شخص آپ کی توجہ کا منتظر اور آپ کی مدد کا مستحق ہو ۔

کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم کسی نہ کسی کی مدد کرنے کے خواہشمند تو ہوتے ہیںلیکن ہماری سمجھ میں یہ نہیں آرہا ہوتا کہ کسی کی مدد کی جائے ۔ اس کا سب سے سادہ اور آسان حل ہماری اسلامی تعلیمات میں پوشیدہ ہے کہ کارخیر کی ابتداء اپنے گھر سے کریں ۔ لہذا دور جانے اور زیادہ تردد میں پڑنے کی ضرورت نہیں ۔ اس کیلئے پہلے اپنے گھر کے افراد اور قریبی رشتہ داروں کے احوال پرنظر ڈالیں ۔ وہ جس انداز میں آپ کی مدد کے مستحق ہوں ۔ آپ ان کی مدد ضرور کریں ۔ عزیز و اقارب کے بعد آپ کے قریبی پڑوسی بھی توجہ کے حقدار ہیں لہذا اپنی مصروفیات اور خوشیوں کے دوران تھوڑا سا وقت ان کیلئے بھی نکالیں اور اگر وہ کسی بھی قسم کی مدد کے مستحق ہوں تو ان کا یہ حق ادا کریں ۔ اسی میں آپ کا دلی اطمینان اور دوسروں کی بھلائی کا راز پوشیدہ ہے ۔