دورہ جنوبی افریقہ‘ پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیاں متوقع

کراچی ۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لئے ٹیم کا اعلان متحدہ عرب امارات میں جاری پاک ۔جنوبی افریقہ ٹوئنٹی 20سیریز کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کااعلان رواں سیریزکے بعدہوگا۔ ونڈے اور ٹوئنٹی 20سیریز کھیلنے جنوبی افریقہ کون جائے گا؟ اس کیلئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی نے ہوم ورک تو مکمل کر لیالیکن ٹیم کا اعلان نہ ہو سکا۔ متحدہ عرب امارا ت میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد صورت حال نے سب ہی کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ، سلیکشن کمیٹی اور مصباح الحق اس حوالے سے مشاورت کریں گے، امکان ہے اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے بھی کئے جائیں گے اور بعض کھلاڑیوں کی تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔

اسٹاراسپورٹس پر چار دلچسپ پروگراموں کا آغاز
نئی دہلی ۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا میں اسپورٹس کیلئے اولین اہمیت کا حامل اسٹار اسپورٹس نے حالیہ دنوں میں اپنے 6 نئے چیانلس کا آغاز کیا ہے جس میں آج چار نئے اور دلچسپ پروگرامس ’’اسٹار پاؤرس ‘ ہیروز ‘ ماسٹر کلاس اور ہاکی ہاٹ شاٹس‘‘ کے نام سے ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسپورٹس بزنس کے صدر نتن کاکو ریجا نے کہا کہ اسپورٹس کے شائقین کی دلچسپی اور انہیں بہتر معلومات فراہم کرنے کیلئے مذکورہ پروگرامس شروع کئے گئے ہیں جیسا کہ اسٹار پاؤر دن میں دو مرتبہ ٹیلی کاسٹ ہونے کے ساتھ اسپورٹس کی تفصیلات فراہم کرے گا جب کہ ہیروز 8تا 15سال کے بچوں کیلئے تیار کردہ ایک بہترین پروگرام ہے جس میں سچن تنڈولکر ‘ شعیب اختر ‘ کمارا سنگاکارا جیسے بڑے نام نظر آئیں گے ۔ ہاکی ہاٹ شاٹ کے ذریعہ ہندوستانی ہاکی اسٹارس سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ اسی طرح ماسٹر کلاس پروگرام میں کھلاڑیوں کی تکنیک اور دیگر اُمور پر روشنی ڈالی جائے گی ۔