دورۂ زمبابوے کیلئے اجنکیا کیپٹن ۔ دھونی، کوہلی، روہت کو آرام

ہربھجن ٹسٹ کے بعد ونڈے اسکواڈ میں بھی واپس ۔ چتیشور پجارا کو A ٹیم کی قیادت ۔ دونوں ٹیموں میں کوئی مسلم نمائندگی نہیں!
نئی دہلی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج اعلان کیا کہ اجنکیا رہانے انڈین ٹیم کی اس کے دورۂ زمبابوے پر قیادت کریں گے۔ ہندوستان کو طئے شدہ پروگرام کے مطابق زمبابوے میں تین او ڈی آئیز اور دو ٹی ٹوئنٹیز کھیلنے ہیں جو 10 جولائی کو شروع ہوں گے۔ جہاں سینئر کھلاڑیوں کو تھکن کے باعث آرام دیئے جانے کی توقع تھی، وہیں اجنکیا کو کپتانی سونپ دینے کا فیصلہ ممبئی کے اس بیٹسمن کا بنگلہ دیش کے خلاف او ڈی آئی سیریز ناکامی میں ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ کھونے کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ سینئر کھلاڑیوں میں جو اِس سیریز کیلئے آرام دیئے گئے، مہندر سنگھ دھونی، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، روہت شرما، روی چندرن اشوین اور اومیش یادو شامل ہیں۔ ہربھجن سنگھ جنھوں نے حال میں اپنی ٹسٹ واپسی بنگلہ دیش کے خلاف واحد میچ منعقدہ فتح اللہ میں کی، وہ او ڈی آئی اسکواڈ میں بھی واپس ہوئے ہیں۔ یہ آف اسپنر جنھوں نے آخری مرتبہ ہندوستان کیلئے کوئی ونڈے میچ 2011ء میں کھیلا، اس ٹور پر سینئر ترین کھلاڑی ہوں گے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا ( بی سی سی آئی) سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے یہ توثیق بھی کردی کہ ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری اسکواڈ کے ساتھ زمبابوے کا سفر نہیں کریں گے جو دراصل قبل ازیں موصولہ اطلاعات کی تصدیق ہوئی۔ اس کا سبب بعض پیشہ ورانہ مصروفیات ہیں جن سے انھوں نے بی سی سی آئی کی انھیں دو سالہ کنٹراکٹ توسیع کی پیشکش کرنے سے قبل اتفاق کر رکھا تھا۔ چیرمین آف سلیکٹرز سندیپ پاٹل نے تصدیق کی کہ سی ایس کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کو اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا اور آرام نہیں دیا گیا۔ مرلی وجئے، روبن اتھپا اور منوج تیواری ایسے بعض دیگر غیرمستقل کھلاڑی ہیں جنھیں اس سیریز میں موقع دیا گیا ہے۔ اتھپا معلنہ اسکواڈ میں نامزد واحد مسلمہ وکٹ کیپر ہے۔ فاسٹ بولرز اور درست لائن اور لینتھ پر گیندبازی کے قابل بولروں کے درمیان انتخاب کا فیصلہ کرنے سے متعلق دھونی کے تبصروں کے بعد اس اسکواڈ میں میڈیم فاسٹ بولرز شامل ہیں، جبکہ اومیش اور ورون آرن تو ممکنہ کھلاڑیوں میں تک نہ تھے۔ سلیکٹرز نے آسٹریلیا A اور جنوبی افریقہ A کے خلاف وطن میں 19 جولائی کو شروع ہونے والی ٹرائی سیریز کیلئے انڈیا A اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ چتیشور پجارا کو انڈیا اے ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے راہول ڈراویڈ کی پہلی مصروفیت کیلئے کیپٹن نامزد کیا گیا ہے۔ آج کے پورے سلیکشن عمل میں حیرت اور افسوس کی بات یہ ہے کہ نیشنل سلیکٹرز کو سارے ہندوستان سے بڑی اقلیت کا نمائندہ ایک بھی کھلاڑی نہ مل سکا کہ اسے انڈیا یا انڈیا A دونوں اسکواڈز کے 30 ارکان میں جگہ دی جائے! یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ دھونی زیرقیادت انڈیا اسکواڈ میں بھی کوئی مسلم کھلاڑی شامل نہیں تھا، جسے بنگلہ دیش میں تین او ڈی آئی میچوں کی سیریز میں 2-1 سے ہرا کر پہلی بار کمزور پڑوسی ٹیم نے باہمی سیریز جیت لی۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ نیشنل سلیکٹرز کو اس اسکواڈ کے ایسے پرفارمنس سے کوئی سبق نہیں ملا ہے۔
انڈیا اسکواڈ برائے زمبابوے : اجنکیا رہانے ( کیپٹن )، مرلی وجئے، امباٹی رائیڈو، منوج تیواری، کیدار جادھو، روبن اتھپا، منیش پانڈے، ہربھجن سنگھ، اکشر پٹیل، کرن شرما، دھول کلکرنی، اسٹوارٹ بنی، بھونیشور کمار، موہت شرما، سندیپ شرما۔
انڈیا A اسکواڈ : کے ایل راہول، ابھینو مکند، چتیشور پجارا ( کیپٹن )، کرون نائر، شریاس ایئر، نمن اوجھا، وجئے شنکر، امیت مشرا، پرگیان اوجھا، شردل ٹھاکر، ورون آرن، ابھمنیو متھن، اومیش یادو، شریاس گوپال، بابا اپرجیت۔