دوران علاج مشرف کی سگار پینے کی خواہش

راولپنڈی ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرویز مشرف جو راولپنڈی کے فوجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اُن کے پانچویں روز بھی مزید ٹسٹ کئے گئے۔ سابق صدر نے سگار پینے کی خواہش ظاہر کی لیکن ڈاکٹروں نے ان کے سگار پینے پر پابندی لگا دی۔ ادھر لیڈی ڈیانا فیم ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر حسنات پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کی مشاورت کے بعد سابق صدر کی حتمی میڈیکل رپورٹ تیار کی جائے گی۔ اسپتالی ذرائع کے مطابق مشرف جو راولپنڈی کے عسکری ادارہ امراض قلب کے سی سی یو وارڈ میں شریک ہیں، اُن کے آج صبح شوگر اور کولیسٹرول کے مزید ٹسٹ کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ان کا کولیسٹرول نارمل سے تھوڑا زیادہ ہے۔

سابق صدر کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مشرف نے سگار پینے کی خواہش ظاہر کی کیونکہ ڈاکٹروں نے ان پر پانچ روز سے پابندی لگا رکھی ہے۔ اس دوران ڈاکٹر حسنات کی مشاورت کے بعد مشرف کی حتمی میڈیکل رپورٹ تیار کی جائے گی اور اُن کے بیرون ملک علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا جبکہ سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ مشرف کو ابھی کمرے میں منتقل نہیں کیا گیا۔ انہیں مزید کچھ روز سی سی یو میں رکھا جائے گا۔ وکیل نے کہا کہ سابق صدر ہنوز سی سی یو میں ہیں، اس لئے وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے۔اس دوران ایک عدالت نے آج پرویز مشرف کو علاج کیلئے اس ملک سے ممکنہ اخراج پر امتناع عائد کردینے کی عرضی کو مسترد کردیا لیکن واضح کیا کہ وہ عدالتوں کی اجازت کے بغیر روانہ نہیں ہوسکتے ہیں۔