دوحہ میں طالبان ۔امریکہ بات چیت کا تازہ مرحلہ

کابل۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) قطر میں چہارشنبہ کے روز طالبان اور امریکہ کے درمیان بات چیت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ طالبان کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی جبکہ طالبان کے علاوہ خود امریکہ بھی اس طویل ترین جنگ سے نجات چاہتا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجالد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان چھٹویں مرحلے کی بات چیت کا آغاز آج دوحہ میں ہوگا۔ دوسری طرف کابل میں موجود امریکی سفارت خانہ نے فوری طور پر اس کی توثیق نہیں کی لیکن امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پہلے ہی یہ بتادیا ہے کہ اس کے امن قاصد زلمے خلیل زاد اس ماہ دوحہ کا دورہ کریں گے اور طالبان سے ملاقات کریں گے۔ طالبان اور امریکہ کے درمیان یوں تو بات چیت کے کئی مراحل طئے ہوچکے ہیں تاکہ پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے جس میں طالبان کو دراصل یہ وعدہ کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں کبھی بھی اپنے دہشت گرد حملوں کیلئے افغانستان کی سرزمین کا استعمال نہیں کرے گا، جس کے عوض طالبان سے یہ وعدہ بھی کیا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود بیرونی فوج کو ہٹا دیا جائے گا۔