دوبئی میں سرمایہ کاری اجلاس، تلنگانہ حکومت کے وفد کی شرکت

دوبئی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کی حکومت دوبئی میں ایک سرمایہ کاری اجلاس میں شرکت کررہی ہے تاکہ نئی تشکیل شدہ ریاست میں عالمی سطح پر سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے۔ اس طرح یو اے ای حکومت میں موجود اہم فیصلہ سازوں کے ساتھ ملاقات کا ایک موقع فراہم ہوگا ساتھ ہی ساتھ سرمایہ کاروں کی کمیونٹی سے بھی تلنگانہ حکومت کے ارکان ملاقات کرتے ہوئے عالمی سطح کے دیگر قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ پانچویں سالانہ انویسٹمنٹ میٹنگ (AIM) کے دوران تلنگانہ حکومت اپنی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات کو پیش کرے گی۔ دوبئی میں ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ وزیر برائے پنچایت راج و انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت تلنگانہ کے ٹی راما راؤ سرکاری اور بزنس لیڈرس کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے جسے انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلز کے شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو مسٹر راما راؤ تلنگانہ کے دالخلافہ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ اس تین روزہ اجلاس میں جس کا آغاز آج سے ہورہا ہے، متعدد اہم قائدین اور معزز شخصیات شرکت کریں گی۔