دواخانہ عثمانیہ کی عمارت کو مزید پچاس سال استعمال کیا جاسکتا ہے

مرمت و تزئین پر مزید پختگی، آرکیالوجیکل سروے کی تحقیقی رپورٹ حکومت کو پیش

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) دواخانہ عثمانیہ کی قدیم عمارت کی مرمت کرکے مزید چند سال بلاخوف و خطر استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس مناسبت سے آرکیالوجیکل سروے کی تحقیقاتی ٹیم نے حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے اور ٹیم نے بتایا کہ پرانی عمارت میں چند تبدیلیوں کے علاوہ بعض مرمتی کام انجام دینے پر مزید 50 برس تک اس عمارت میں مریضوں کے علاج کئے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ آرکیالوجیکل سروے کی ٹیمیں گزشتہ دو ماہ سے دواخانے کی عمارتوں کا جائزہ لے رہی تھیں۔ عمارت پر موجود پینٹنگ کو پوری طرح صفائی کرکے ساری عمارت کو وائٹ واش کے علاوہ پینٹنگ دو مرتبہ کی جائے اور ماہرین کی ٹیم نے مختلف کاموں کے لئے ہونے والے اخراجات کا علیحدہ علیحدہ تخمینہ تیار کرکے رپورٹ میں پیش کردیا ہے۔ یعنی 25 کروڑ کی لاگت سے 2 سال کے اندر عمارت کی جدید کاری و مرمتی کام مکمل کرنے کے اعتبار سے رپورٹ پیش کی ہے اور اس صورت میں عمارت کا مزید 50 برس تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔