دنیشور شرما کو کشمیر معاملے میں حکومت ہند کا نمائندہ مقرر کرنا مناسب نہیں :پاکستان

اسلام آباد۔ 25 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا ہے کہ انٹلیجنس بیورو (آئی بی) کے سابق سربراہ دنیشور شرما کو کشمیر معاملے میں حکومت ہند کی جانب سے اپنا نمائندہ مقرر کرنا منصفانہ اور حقیقت پسندانہ اقدام نہیں ہے ۔سما ٹیلی ویژن کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے کل رات ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر اس بات چیت کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانا ہے تو اس میں تین فریقوں ہندوستان، پاکستان اور کشمیریوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو شامل کئے بغیر اس کا کوئی بہتر نتیجہ نہیں نکلے گا۔ انھوں نے کہا کہ نامزد نمائندہ کو کشمیریوں کے جذبات سمجھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور گزشتہ 70 سالوں سے سب کو پتہ ہے کہ حقیقت کیا ہے ؟

پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر پر بدعنوانی کا الزام
اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی طرف سے کروڑوں روپے کی غیرقانونی مراعات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، اُن پر الزام ہے کہ وہ اپنے سرکاری عہدہ اور سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ذاتی خواہشات کی تکمیل کرنے میں مصروف ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کابینی ڈیویژن کے سیکرٹری کو ایک مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کو دی گئی مراعات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری اختیارات کا استعمال کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس جرم کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سلاخوں کے پیچھے بند کیا جا سکتا ہے۔