دنیا کے تقریباً ہر ملک میں پریس کی آزادی کو خطرہ : رپورٹ

ویانا۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صحافیوں کے ایک عالمی نیٹ ورک کے ذریعہ تیار کی گئی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہیکہ عالمی سطح پر تقریباً ہر حکومت صحافت کی آزادی کو سلب کرنے کوشاں ہے جہاں صحافیوں پر نہ صرف ظلم و جبر کیا جاتا ہے بلکہ انہیں جیلوں میں بھی ٹھونس دیا جاتا ہے۔ ویانا سے اپنی سرگرمیاں چلانے والی انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ (IPI) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہیکہ گذشتہ سال مئی سے اب تک 55 صحافیوں کا قتل کیا جاچکا ہے۔ بنگلہ دیش میں ملک کے نئے ڈیجیٹل سیکوریٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے صحافیوں کو عمرقید تک کی سزاء دی جارہی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں ترکی کو صحافیوں سے متعلق سب سے زیادہ سخت پالیسی والا ملک قرار دیا گیا ہے جہاں اب تک 139 صحافی جیل کی سزاء کاٹ رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی صحافی سائیرل المیڈا کو انتہاء پسندی کا کوریج کرنے پر ملک سے غداری کے الزام کا سامنا ہے۔