دنیا میں پہلی مرتبہ مصنوعی قلب کی پیوند کاری

لندن 22 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا میں بالکل پہلی مرتبہ ایک 75 سالہ فرانسیسی شخص کو ایک مصنوعی قلب لگایا گیا ہے جس سے اسے پانچ سال تک مزید زندگی مل سکتی ہے ۔ یہ مصنوعی قلب فرانسیسی بائیو میڈیکل فرم کارمٹ نے تیار کیا ہے جو لتھیم ایان بیاٹری سے کام کرتا ہے ۔ یہ قلب مریض کو پیرس میں جارجس پومپیڈو ہاسپٹل میں لگایا گیا ہے اور اس میں کئی دوسرے اجزا استعمال کئے گئے ہیں۔ اخبار دی ٹیلیگراف نے یہ اطلاع دی ۔ یہ مصنوعی قلب مریض کے اصل قلب کا پانچ سال تک متبادل ہوسکتا ہے جبکہ اس سے قبل متبادل قلب عارضی طور پر استعمال کیا جاتا تھا ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ جس مریض کو یہ مصنوعی قلب لگایا گیا ہے وہ ہشاش بشاش ہے اور آپریشن کے بعد اس کی حالت بہتر ہے ۔ کارمٹ فرم کے چیف ایگزیکیٹیو مارسیلو کنویٹی نے کہا کہ ہم یہ قلب لگائے جانے پر مسرور ہیں۔ حالانکہ ابھی اس تعلق سے قطعی نتائج اخذ نہیں کئے جاسکتے لیکن اس پر ہم خوشی محسوس کرتے ہیں۔