دنیا میں خطہ فلسطین پر سب سے زیادہ ظلم و زیادتی

سفارتخانہ ایران حیدرآباد میں یوم القدس، محمد حق بین قمی اور علماء کرام کے خطابات

حیدرآباد۔ یکم ؍ جون (سیاست نیوز)سفارت خانہ ایران ‘ متعینہ حیدرآباد کی جانب سے جمعہ کے روز ’’ یوم القدس‘‘ کا اہتمام کیاگیا ۔ سفیر برائے ایران متعینہ حیدرآباد جناب محمد حق بین قمی کی زیر نگرانی منعقدہ ’’ یوم القدس‘‘ کا آغاز بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری مہدی سعادتی سے ہوا ۔ امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ مولانا حامد محمد خان‘ مولانا قاری متین علی شاہ قادری‘ مولانا نثار حسین آغا‘ مولانا سید تقی رضا عابدی نے خطاب کیا۔ اپنے صدارتی خطاب میں محمد حق بین قمی نے کہا کہ دنیا میںاگر سب سے زیادہ ظلم کسی جگہ پر ہورہاہے تو وہ خطہ فلسطین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری فلسطینی عوام پر ڈھائے جارہے مظالم پر اپنی آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔ محمد حق بین قمی نے کہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 6ڈسمبر2017کو اعلان کیاکہ وہ یروشلم کو اسرائیل کا درالحکومت تسلیم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کا یہ فیصلہ نہ صرف اسرائیل کی بربریت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے بلکہ فلسطینی عوام کے ساتھ ایک بڑے دھوکے سے کم نہیںہے۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے سفیر ایران متعین حیدرآباد نے کہاکہ فلسطین میںاپنی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قراردیا جاتا ہے اور فلسطین کے نہتے مظلوم لوگوں پر گولیاںاور بم برسانے والوں پر دنیا خاموش رہتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پاسداران اسلام کے سپاہیوں کو دہشت گرد سرگرمیوں سے جوڑ کر ان پر امریکہ نے امتناع عائد کردیا ہے ۔مولانا حامد محمد خان نے کہاکہ غزہ پٹی کے اطراف واکناف چار دیواری کی تعمیر سے علاقے کو دنیاکی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیاگیاہے۔ انہو ںنے کہاکہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ جہاں پر اسرائیل ملک کا قیام عمل میںآیا ہے اس سرزمین فلسطین کو جانے کے لئے ویزا تک نہیں دیاجاتا ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ اگر فلسطین جانا ہے تو اسرائیل کا ویزا لینا ہوگا۔ مولانا متین علی شاہ قادری نے کہا کہ فلسطینی عوامی کا ملک فلسطین ہے او راس سے کوئی انکار نہیںکرسکتا ۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور کہاکہ صیہونی سازشوں کو بروکار لانے کے لئے نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔ ٹی آر ایس قائد وسابق سٹ ون چیرمین میر عنایت علی باقری‘ بی جے پی ترجمان فراست علی باقری‘ رونق یار خان‘ محب بیگ کے علاوہ شہرکی سرکردہ شخصیتیں بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مولانا سید قبول پاشاہ شطاری کے دعائیہ کلمات پر یوم القدس کا اختتام عمل میں آیا۔