دم ہے تو باہر نکل کر مارو

ایڈیلیڈ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلین آف اسپنر نیتھن لیون نے حریف انگلش بیٹسمینوں کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ ان کیخلاف ایڈیلیڈ میں کریز سے نکل کر ہٹ لگانے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ مہمان کھلاڑیوں کی جانب سے برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں اس طرح کی کوششیں بے ثمر ثابت ہوئی تھیں۔ ایشز سیریز کے دوسرے ٹسٹ کو بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے اور نیتھن لیون نے واضح طور پر اس بات کا اشارہ بھی دیا ہے کہ بعض انگلش بیٹسمینوں کے کیریئر اس سیریز کے دوران ختم ہو سکتے ہیں۔ اگر انگلش کھلاڑیوں نے ان کیخلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا ارادہ کیا تو وہ ان کے منصوبوں کو ناکام بنادیں گیکیونکہ اسپن بولر کیخلاف کھیلتے ہوئے بیٹسمین جب اس کیخلاف حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کا فائدہ اسپنر کو زیادہ پہنچتا ہے۔ نیتھن لیون نے کہا کہ یہ سب کھیل کا حصہ ہے کہ رنز بنائے جائیں اور وکٹیں حاصل کی جائیں اور یقینی طور پر انہیں کوئی شک نہیں کہ انگلینڈ کے بیٹسمین ان کیخلاف بھرپور تیاری اور قدرے مختلف منصوبہ بندی کے ساتھ میدان سنبھالیں گے۔