دلیپ کمار شریک دواخانہ، سینہ کے معمولی انفکشن کی شکایت

ممبئی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی اداکار دلیپ کمار کو سینہ کے انفکشن کے سبب آج دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ ان کی شریک حیات سائرہ بانو نے یہ اطلاع دی۔ لیلاوتی ہاسپٹل کے عہدیداران نے کہا کہ قطعی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ 95 سالہ اداکار کو کب تک دواخانہ میں رکھا جائے گا۔ تاہم ان کی صحت کے بارے میں کسی تشویش یا پریشانی کی ضرورت نہیں ہے۔ سائرہ بانو نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ہم لیلاوتی ہاسپٹل میں ہیں۔ معمول کے طبی معائنہ کیلئے آئے ہیں۔ صاحب کے تمام معائنے کئے جائیں گے۔ سینہ کے فزیشن، نیرولوجسٹ اور دیگر تمام ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے ساتھ موجود ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر نتن گوکھلے کی قیادت میں معائنے کئے جارہے ہیں۔ ہمیں آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے تاکہ جلد مکمل صحتیابی کے ساتھ گھر واپسی ہوسکیں‘‘۔ سب سے پہلے اس اداکار کے شخصی ٹوئیٹر ہینڈل پر ان کے بھانجہ فیصل فاروقی نے یہ اطلاع دی تھی۔ فیصل نے لکھا تھا کہ ’’صاحب کو سینہ کے انفکشن کے سبب لیلاوتی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے‘‘۔