دلتوں ۔ مسلمانوں کو قریب لانے مجلس کے عملی اقدامات

مجلس ہی میئر بنائے گی ۔ خلوت میں انتخابی جلسہ ، صدر مجلس اسد اویسی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /31 جنوری (سیاست نیوز) مجلسی قائدین نے آج خلوت میدان پر منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ مجلس دلت مسلم اتحاد کو فروغ دینے عملی اقدامات کررہی ہے ۔ صدر مجلس مسٹر اسد الدین اویسی نے آج روایتی انداز میں دعا سے قبل خطاب کے دوران ڈگ وجئے سنگھ کے دورہ پرانے شہر پر تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ مجلس کو نشانہ بنارہے ہیں درحقیقت وہ مسلمانوں کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجلس ہی واحد وہ جماعت ہوگی جو جی ایچ ایم سی میں میئر بنائیگی ۔ انہوں نے ووٹرس سے کہا کہ وہ مجلس کو مستحکم بنائیں ۔ دلت مسلم اتحاد کے نعرے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ دونوں اقوام پسماندہ ہیں اور مجلس دونوں کی آواز بن کر ابھر رہی ہے ۔ جس سے کانگریس اور بی جے پی خوف زدہ ہیں ۔ اسد اویسی نے بتایا کہ غریب عوام مجلس کو متبادل تصور کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس شہر کی ترقی کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے دو بیڈروم فلیٹ اسکیم کیلئے جدوجہد کا اعلان کیا اور کہا کہ جائیداد ٹیکس کی معافی کیلئے مجلس کوشش کریگی ۔ علاوہ ازیں پرانے شہر کے مختلف محلہ جات میں 35 اربن ہیلت سنٹرس کے قیام کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ۔ اکبر اویسی نے کانگریس کو ملک بھر کے مختلف فسادات کیلئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور 4 فیصد مسلم تحفظات مجلس کی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی جامعہ اسلامیہ کے اقلیتی کردار پر کانگریس اور بی جے پی کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ دونوں جماعتیں آر ایس ایس ، بی جے پی اور سنگھ پریوار سے مسلمانوں کو خوف زدہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو بابری مسجد کی شہادت اور قفل شکنی کیلئے ذمہ دار قرار دیا ۔ اکبر اویسی نے  خطاب کے دوران اچانک آلیر انکاؤنٹر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 مسلم نوجوانوں کے قتل میں ملوث پولیس عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا بلکہ ان سے انتقام لیا جائے گا ۔