دفعہ 370 پر جلد بازی میں فیصلے کی مخالفت

لکھنؤ ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے وزیراعظم نریندر مودی پر آج زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق دستور کی خصوصی دفعہ 370 پر جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے ملک کا اتحاد و یکجہتی متاثر ہوسکتی ہے۔ مایاوتی نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی حکومت اگر یہ محسوس بھی کرتی ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کے پیش نظر دفعہ 370 منسوخ کرنا ضروری ہے تو بھی جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیںکیا جانا چاہئے کیونکہ اس سے ملک کا اتحاد و یکجہتی متاثر ہوسکتی ہے‘‘۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ محض مذہب اور طبقات کی بنیاد پر عوام کی صف بندی کیلئے دفعہ 370 پر تنازعہ پیدا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر اپنی پارٹی کے موقف کی وضاحت کرنے سے انکار کیا۔