دفتر کسٹمس اینڈ سنٹرل ٹیکس میں خشک کچرے سے کھاد کی تیاری

سوچھ بھارت ابھیان کی ستائش ، کمشنر ایس فہیم احمد کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) سوچھ بھارت ابھیان کے تحت دفاتر میںصفائی اور حفظان صحت سے متعلق شعور بیداری کی سب سے زیادہ ذمہ داری سرکاری ملازمین پر عائد ہوتی ہے ‘ بالخصوص مرکز ی حکومت کے ماتحت شعبہ جات کے سرکاری ملازمین اس پر سنجیدگی کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ اس ضمن میںاٹھائے جانے والے اقدامات کی مرکزی حکومت بھی ستائش کررہی ہے ۔ آڈٹ کمشنر کسٹمس اینڈ سنٹرل ٹیکس ایس فہیم احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔آج یہاں جی ایس ٹی ٹاور بشیر باغ میں انہوں نے میڈیا کو صفائی اور حفظان صحت کے متعلق ان کے محکمہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کی اور کہاکہ شہر میںبڑھتی آلودگی کے پیش نظر مرکزی او رریاستی حکومتیں شجرکاری کو ترجیح دے رہی ہیں ۔ شجر کاری کے بعد پودوں کی نشونما کے لئے جو کھاد استعمال کی جاتی ہے وہ بازار میںساٹھ تا ستر روپئے یا پھر اس سے زیادہ قیمت پر دستیاب ہے تاہم ان کے محکمے نے ایک پہل کرتے ہوئے دفتر کے کینٹین سے نکلنے والے خشک کچرے سے کھاد تیار کرنے کی شروعات کی ہے اور اب تک تین سو کے جی تک کی کھاد تیار کی ہے۔ ہمارے دفتر میںکام کرنے والے تمام ملازمین کے اندر شجر کاری کا ذوق اور شوق پیدا کرنے کے لئے انہیں یہ کھادمفت میںفراہم کی جارہی ہے اور اس کے علاوہ چند ایک اسکولس میںبھی یہ کھاد مفت میں دے جارہی ہے۔ جناب ایس فہیم احمد نے کہاکہ 80ہزار روپئے کے فنڈ سے کھاد کی تیاری کا یونٹ تیار کیاگیا ہے جس میں چار زمروں میں یہ کھاد تیار کی جاتی ہے ۔ دفتر کے کینٹین سے حاصل سوکھا کچرا ڈبوں میںجمع کرنے کے بعد ایک’ آرگیانک بریک‘بھی ڈبے میںڈال دیاجاتا ہے اور اسی طرح چار ڈبے ہمارے اس یونٹ میں موجود ہیں جس میںکیٹین سے حاصل کچرا جمع کیاجاتا ہے اور چار ہفتوں بعد یہ کچرہ ایک پوڈر کی شکل اختیار کرتے ہوئے پودوں او ردرختوں کی کھاد میںتبدیل ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کام کے لئے سوچ بھارت ابھیان کے تحت ہمارے محکمہ کو مرکزی حکومت سے 80ہزار روپئے کی اجرائی بھی عمل میں آئی تھی جس کے بعد ہمارے دفتر میں یہ یونٹ قائم کیاگیا ۔ اس یونٹ کے ذریعہ ہم کچرے کو بہتر کام کے استعمال کے قابل بنارہے ہیں۔ انہوں نے شجر کاری اور پودوں کی نشونما کو وقت کی اہم ضرورت بھی قراردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کام کے لئے ہمارے محکمے کے اڈیشنل کمشنر ایم مرلی کرشنا کی جستجو قابل ستائش ہے اور حکومت ہند نے بھی ہماری اس پہل کی سراہنا کی ہے۔ ہاوزنگ پراجکٹ والے بھی ہمارے اس یونٹ سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد سوچھ بھارت ابھیان کے تحت آلودگی کو ختم کرنا ہے اور اس کام کے لئے مستقبل میں اور بھی اصلاحات پر ہم کام کریں گے۔