دفتر منڈل پریشد کو مقفل کردیا گیا

میدک۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک منڈل کے گرام پنچایتوں ناگا پور، کتہ پلی، راج پیٹ پر حکومت کی جانب سے منظور شدہ ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کے سلسلہ میں مذکورہ گرام پنچایتوں پر پنچایت سکریٹریز کے نہ ہونے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں میدک منڈل پریشد کے ایم پی ڈی او کی جانب سے خدمات کی انجام دہی میں کافی تساہلی برتی جارہی ہے۔ ایم پی ڈی او کی جانب سے اوقات کی پابندی نہ ہونے سے بھی دیہی عوام کے مسائل کے حل میں دقت پیش آرہی ہے۔اس مسئلہ کو لیکر فی الفور منجانب سکریٹریز کو متعین کرنے ایم پی ڈی او کو اپنی خدمات بہتر انداز میں انجام دینے کے مطالبہ پر احتجاجی طور پر متعلقہ گرام پنچایتوں کے نو منتخب سرپنچوں، نائب سرپنچوں اور وارڈ ممبران نے دفتر منڈل پریشد کو مقفل کرڈالا۔ اس احتجاج میں سرپنچ سائیلو، پوچیا، ناگیشورراؤ، نائب سرپنچ نارائن ریڈی کے علاوہ سابق نائب صدرنشین بلدیہ میدک ٹی آر ایس جنرل سکریٹری مسٹر آر ملکارجن گوڑ بھی شامل تھے۔ مسٹر ملکارجن گوڑ نے ضلع کلکٹر میدک سے فوری مذکورہ گرام پنچایتوں پر پنچایت سکریٹریز کے تقررات کرنے کے علاوہ ایم پی ڈی او میدک پابند خدمات بنانے پر زور دیا۔