دفتر روزنامہ سیاست میں تہذیبی ، ادبی و روایتی مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

دفتر روزنامہ سیاست میں تہذیبی ، ادبی و روایتی مشاعرہ کا کامیاب انعقاد
حیدرآبادی لباس میں شعراء نے ماضی ، حال اور مستقبل پر اشعار پیش کیے ، جناب زاہد علی خاں اور دیگر معزز شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔20ڈسمبر(سیاست نیوز)انجمن شعراء حیدرآباد (دکن) کے زیر اہتمام تہذیبی‘ ادبی اور روایتی مشاعرہ ‘ محبو ب حسین جگرہال میںمنعقد کیا گیا

جس کی صدارت مدیر اعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کی اور جناب ایس اے شکورپنچ شیل بی ایڈکالج نرمل‘ایس کے افضل الدین اور فلم ایک تھا سردار کے ہیرو جناب محمدتوفیق نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔مختلف انداز ترنم اور منفرد لب ولہجہ کے حامل حیدرآبادی تہذیب وتمدن ‘ شعر وادب‘ اور روایتی تہذیب کے سفیر شعراء کرام جن کا تعلق سرزمین دکن سے ہے نے حیدرآباد کے روایتی لباس شیروانی زیب تن کئے اپنا کلام پیش کیا۔

اس منفرد انداز کے مشاعرے منعقد کرنے کے پس پردہ منتظمین مشاعرے کی اصل کوشش نوجوان نسل کو شعروادب کی دنیا کے روایتی انداز سے واقف کروانا تھا۔دودرجن کے قریب شعراء نے ماضی ، حال اور مستقبل کے حالات پر اشعار ‘ نظم ‘ گیت اور غزل پیش کی۔ مشاعرے کی کاروائی چلاتے ہوئے جناب ریاض تنہا نے شعراء کرام کے ساتھ سامعین کے اندر بھی اشعار سننے کے شوق وذوق کو دوبالا کردیا۔ڈاکٹر فاروق شکیل‘ محمد معین الدین اشہر‘ جگجیون لال استھانہ‘ شاہد عدیلی‘ وحید پاشاہ قادری‘ رشید الدین رشید‘ چچاپالموری‘ یوسف روش‘ ظفر فاروقی‘ کامل حیدرآبادی‘ اطیب اعجاز‘ شوکت علی درد‘ یوسف الدین یوسف‘ مسعود جاوید ہاشمی‘ قمررضا‘ ابراہیم خاں ایاز‘ صابر اچل پوری کے علاوہ سرزمین دکن کے نامور شعراء نے اپنے کلام سے سرد ماحول کو گرمادیا۔