دفاع کے شعبہ میں راست غیرملکی سرمایہ کاری صیانت کیلئے خطرہ : سی پی آئی

کوئمبتور۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دفاع کے شعبہ میں راست غیرملکی سرمایہ کاری سے ملک کی صیانت کو سنگین خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ سی پی آئی ٹاملناڈو کے معتمد ڈی پانڈین نے آج کہا کہ پیداوار کے شعبہ میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اس کی وجہ سے مزید پیداوار نہیں ہوگی اور نہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع کے شعبہ میں راست غیرملکی سرمایہ کاری اس سے بھی زیادہ یعنی قوم کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ جیسے ممالک ہندوستان کی نگرانی کررہے ہیں جو ایک بڑی طاقت بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جن میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کی قیام گاہ سے آوازیں سننے کے آلات دستیاب ہوئے۔ یہ ملک کی صیانت کے لئے خطرناک ہے۔ غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے بارے میں پانڈین نے کہا کہ دونوں کو دوست ممالک تصور کرنے کے بجائے ہندوستان کو حملے کیلئے اسرائیل کی مذمت کرنی چاہئے، لیکن اس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ یہ ہماری خارجہ پالیسی کے برخلاف ہے۔