دفاعی چمپئین چینائی کوشکست،ممبئی 5 ویں مرتبہ فائنل میں

چینائی ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی انڈینس نے آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائرمیں چینائی سوپرکنگس کو 6 وکٹ سے شکست دے کرفائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 132 رنز کے نشانے کو ممبئی انڈینس کی ٹیم نے 18.3 اوورمیں حاصل کرلیا۔ ممبئی کی کامیابی میں سوریہ کماریادو نے 54 گیندوں میں ناٹ آوٹ 71 رن بنائے۔ ممبئی انڈینس نے پانچویں مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی ہے وہیں چینائی سوپرکنگس کے پاس اب بھی فائنل میں پہنچنے کا موقع ہے۔ وہ پہلے الیمنیٹرمیں دہلی کیپٹلس اورسن رائزرس حیدرآباد کے درمیان جیتنے والی ٹیم سے مدمقابل ہوگی۔ اس سے قبل آئی پی ایل 12 کے کوالیفائرایک میں چینائی سوپرکنگس نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور20 اوورمیں 4 وکٹ پر131 رن بنائے۔ چینائی کے لئے رائیڈو نے 37 گیندوں میں 42 رنز بنائے۔ دھونی نے بھی 29 گیندوں میں ناٹ آوٹ 37 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ممبئی انڈینس کے لئے اسپنرراہول چہرنے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورمیں 14 رن دے کردو وکٹ حاصل کئے۔ کنال پانڈیا اورجینت یادو کو فی کس1 وکٹ ملی۔ میزبان چینائی سوپرکنگس کے 132 رنز کے چیلنج کا جواب دینے اتری ممبئی نے 3.2 اووروں میں 21 رنوں کے اندرہی کپتان روہت شرما (4) اورکونٹن ڈی کاک (8) کا وکٹ گنوا دیا۔ روہت کو دیپک چہرنے جبکہ ڈی کاک کو ہربھجن سنگھ نے آوٹ کیا۔ اس کے بعد سوریہ کماراورایشان کشن (28) نے تیسری وکٹ کے لئے 80 رنز کی شراکت کرکے ممبئی کو بہترحالات میں پہنچا دیا۔ طویل ہوتی جارہی اس شراکت کو عمران طاہرنے کشن کوبولڈ کرکے توڑا۔ کشن نے 31 گیندوں کی اننگز میں ایک چوکا اورایک چھکا لگایا۔ عمران طاہرنے اسی اوورکی اگلی گیند پرکنال پانڈیاکو (صفر) پرآوٹ کرکے ممبئی کو مسلسل دو جھٹکے دیئے تاہم اگلے اوور کی پہلی گیند پر وہ ہیٹ ٹرک نہیں لے سکے۔ عمران نے اسی کے ساتھ ٹی20کیریئرمیں اپنے 300 وکٹ بھی پورے کرلئے۔