دس سال سے مقید مسلم نوجوان کو قانونی تعلیم کی اجازت

ممبئی،26مئی (سیاست ڈاٹ کام )ممبئی کی خصوصی مکوکا(این آئی اے ) عدالت نے جھوٹے دہشت گردانہ معاملے کا سامنا کررہے ایک مسلم نوجوان کو قانون کی تعلیم جاری رکھنے اور اسے امتحان میں شرکت کرنے کی مشروط اجازت دی ہے ۔ ممبئی میں 13-7،سلسلہ وار بم دھماکہ معاملے کا سامنا کررہے ملزم ندیم اختر کو ایل ایل بی پہلے سال کے دوسرے مرحلہ کے امتحان اور پریکٹیکل میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ ملزم نے پہلے مرحلہ میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی وظیفہ دینے والی تنظیم جمعیتہ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکیل شاہد ندیم اور عادل شیخ نے گذشتہ روز خصوصی عدالت میں ایک عرضداشت داخل کرکے عدالت سے ملزم کے امتحان میں حصہ لینے کے تعلق سے اجازت طلب کی تھی، جسے خصوصی جج ونود پڈالکر نے منظور کرتے ہوئے تلوجہ جیل حکام کو حکم دیا کہ امتحان ٹائم ٹیبل کے مطابق ملزم کو جیل سے امتحان گاہ پر لے جایا جائے اور پرچہ ختم ہونے کے بعد اسے فوراً تلوجہ جیل میں روانہ کردیا جائے ۔