دسہرہ تہوار ‘روایتی جوش و خروش سے منایا گیا

حیدرآباد 30 ستمبر ( سیاست نیوز ) دسہرہ تہوار کو سارے تلنگانہ میں روایتی جوش و خروش اور مذہبی جذبہ کے ساتھ منایا گیا ۔ وجئے دشمی کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں میں پوجا کی اس کے علاوہ دیوی درگا کی پوجا کیلئے مندروں کو بھی گئے ۔ اس موقع پر خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا اور مندروں اور گھروں کو سجایا بھی گیا تھا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان بشمول فرزند و ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پر پوجا کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر ان کے دوسرے افراد خاندان بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ ریاستی حکومت کے اعلامیہ کے بموجب دسہرہ کے موقع پر چیف منسٹر نے راج بھون پہونچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور انہیں دسہرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی دسہرہ کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ یہاں بھی خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا اور رات دیر گئے تک حسین ساگر میں درگا کی مورتیوں کا وسرجن بھی عمل میں لایا گیا ۔ حسین ساگر پر مورتیوں کے وسرجن کیلئے بھی حکام کی جانب سے انتظامات کئے گئے تھے ۔ ان مورتیوں کے وسرجن کا سلسلہ دن سے جاری رہا تھا اور رات گئے تک ان مورتیوں کے وسرجن کا سلسلہ جاری رہا ۔ پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔