دسمبر کے پہلے ہفتہ میں اسمبلی خصوصی سیشن کی طلبی کا امکان

پنچایت راج قانون میں ترمیم کی تیاری ، گرام پنچایت و بلدیات کی تعداد میں اضافہ ممکن
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ پنچایت راج قانون میں ترمیم کرنے کے لیے دسمبر کے پہلے ہفتے میں اسمبلی کا خصوصی سیشن طلب کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں 16 دن تک اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کیا تھا اسی دوران پنچایت راج قانون میں ترمیم کرنے کی تجویز تھی تاہم میٹرو ٹرین کا افتتاح اور گلوبل انٹرپرینیر سمٹ کے پیش نظر اسمبلی اجلاس کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ دسمبر میں خصوصی اجلاس طلب کرنے کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی سے ہی اعلان کیا تھا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے پنچایت راج قانون میں ترمیم کے لیے عہدیداروں کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے اور عہدیداروں کو موجودہ قوانین میں ترمیمات کے لیے تجاویز پیش کی ہے ۔ جس پر عہدیدار نئی قانون سازی میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ دو تین دن میں مسودہ تیار ہوجانے کا قوی امکان ہے ۔ کابینہ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مسودے کو منظوری دی جائے گی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں اسمبلی و کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے اس مسودے کو قانونی موقف عطا کیا جائے گا ۔ نئے قانون میں سرپنچس کو مختلف اختیارات کے ساتھ فنڈز خرچ کرنے کے بھی اختیارات دئیے جائیں گے ۔ گرام پنچایتوں کے لحاظ سے ایک گرام پنچایت کو 10 تا 25 لاکھ روپئے خرچ کرنے کے اختیارات رہیں گے ۔ قبائلی علاقوں میں نئے گرام پنچایت قائم کرنے اور 20 تا 40 نئے میونسپلٹیز قائم کرنے پر بھی حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔