دستوری عہدوں کا احترام کیا جائے : وزیر داخلہ

راہول گاندھی غیر اہم مسائل پر سیاست کر رہے ہیں ‘ راج ناتھ سنگھ
مرزا پور 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ دستوری عہدوں کا احترام کیا جانا چاہئے اور ان کے کام کاج پر سوال نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کئے ہیں جب کانگریس کی قیادت میں کچھ اپوزیشن جماعتیں چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مصرا کے مواخذہ کی کوشش کر رہی ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی غیر اہم مسائل پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا ۔ مسائل پر مبنی سیاست کی جانی چاہئے ۔ یہ راہول گاندھی کی مایوسی کا نتیجہ ہے کہ وہ غیر اہم مسائل پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت دستوری عہدوں کو مکمل احترام فراہم کرتی ہے اور ان کے اختیارات کا احترام بھی کیا جاتا ہے ۔ ہم ان کے فیصلوں کا احترام بھی کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ یہاں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں۔ چین نے ہندوستان کو اہم مسائل پر مکمل تعاون کا تیقن بھی دیا ہے ۔مسئلہ کشمیر کے تعلق سے وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر میں بھی فوجی کارروائیاں درست سمت میں جاری ہیںاور یہ جاری رہیں گی ۔