دانشمندی اور حقیقت پسندی سفید رنگ پسند کرنے والوں کی خصوصیت

رنگوں کی خاص بات یہ ہے کہ ہر رنگ اپنے آپ میں بہت خاص اور انوکھا ہوتا ہے۔ اس کی اپنی ایک الگ زبان ہوتی ہے اور یہ اپنے پہننے والے کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔ رنگوں کے انتخاب سے آپ کی شخصیت کے تمام پہلوؤں کو سمجھا جاسکتا ہے۔ یہ ایک صاف شفاف آئینہ ہے جس میں انسانی شخصیت کو جانچا اور پرکھا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر رنگ ایک کہانی بیان کرتا ہے۔ رنگ انسان اور اس کے پیچھے چھپی ایک داستان کی وضاحت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اسی طرح رنگ انسانی ذہنیت، معیار ات اور اس کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ کے رنگوں کا انتخاب آپ کی شخصیت کی پوری طرح تصویر پیش کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ سفید رنگ آپ کی صاف ستھری اور معصوم اور بے داغ شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ میں دور اندیشی اور ذہانت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ آپ مثبت سوچ اور اُمید پرستانہ رویہ رکھنے والے ہیں۔ دانشمندی، ہوشمندی، باشعوریت، موقع شناسی اور حقیقت پسندی آپ کی شخصیت کا لازمی جز ہیں۔ آپ خود پر قابو رکھنے کی حتی الامکان کوشش کرتے ہیں۔

جب آپ کا مزاج مثبت ہوتا ہے تب آپ بہت ہی پُراعتماد، باوقار ہیں لیکن جب آپ کے مزاج میں تصادم برپا ہوتا ہے۔ اس وقت آپ بہت ہی متلاشی، نزاکت پسند، اور چڑ چڑے واقع ہوتے ہیں۔ آپ خود پر اور دوسروں پر تنقید بے باکی سے کرتے ہیں لیکن خود کے بارے میں تنقید سننا آپ کو گوارہ نہیں ہے۔ آپ میں سے اکثر خود کفیل ہیں اور دوسروں کو عطا کرنے والے ہیں اور کبھی کبھی شرمیلے مزاج کے ظاہر ہوتے ہیں لیکن درحقیقت آپ بہت بے باک طبیعت کے ہوتے ہیں۔ کچھ چیزوں پر آپ کا یقین و اعتقاد ایمان کی حد تک ہے اور آپ کو اس یقین کو جاری رکھنا بہت اچھا لگتا ہے اور اکثر و بیشتر آپ کا یہ یقین صحیح ثابت ہوجاتا ہے جو آپ کو بے انتہا خوشی دیتا ہے اور خود پر آپ کے اعتقاد کو تقویت بخشتا ہے۔