دانت نکل رہے ہیں!

بہت کم خواتین کو اس کا علم ہوتا ہے کہ نو مولود کے دانت پیدائش کے موقع پر مسوڑوں میں اندر موجود ہوتے ہیں۔ جو وقت کے ساتھ ساتھ ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں ۔ ماں کی غذائی کمی کا اثر جہاں اور بہت سے حوالوں سے ہوتا ہے وہیں بچے کے خراب دانتوں کا دوش بھی اسی پر ہے ۔ بچے کو دونوں قسم کے دانتوں سے سابقہ پڑتا ہے دو سے تین سال تک بچوں میں تمام عارضی دانت جن کی تعداد 20 ہے بتدریج نکل آتے ہیں ۔ جبکہ سات سال کے بعد مستقل دانت بھی نکلنا شروع ہوجاتے ہیں اور یہ اٹھارہ سے بیس سال کی عمر کو پہونچ کر ان تعداد کا شمار 32 تک ہوجاتا ہے ۔ دودھ کے بیس دانتوں کا سات سال میں تبادلہ بتدریج مستقل دانتوں سے ہونا شروع ہوجاتا ہے ۔ بچوں کے دانتوں کا خیال رکھیں ۔ تاکہ ان میں کیڑا نہ لگ جائے اور انہیں نکلوانا نہ پڑے ۔بچوں کے دودھ کے دانتوں کی احتیاط والدین پر لازمی ہے کیونکہ بچے خود صحیح طور پر ان کی حفاظت اور افادیت کو نہیں سمجھ سکتے ۔ والدین کا فرض ہے کہ اپنی نگہداشت میں بچے کو ٹوتھ پیسٹ کرائیں ۔ عمر بڑھنے کے ساتھ اس طرح دانتوں کو صاف رکھنے کا عادی ہوجائے گا ۔