دانتیواڑہ میں ماؤ نوازوں کا سرنگ دھماکہ ، سی آر پی ایف کے 7 جوان ہلاک

رائے پور ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں ماؤ نوازوں کے بدترین تشدد سے متاثرہ ضلع دانتیواڑہ میں نکسلائٹوں کے ایک مہلک زمینی سرنگ دھماکہ میں آج سی آر پی ایف کے کم سے کم 7 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ طاقتور دھماکہ کی شدت سے سڑک پر 4 فیٹ گہرا کھڈ پڑگیا۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ موضع میلہ واڑہ کے باسراس ۔کاؤ کونڈا علاقہ میں یہ حملہ ہوا جب ایک ٹاٹا۔ 709 منی ٹرک سی آر پی ایف اہلکاروں کو لے کر اس علاقہ سے گذر رہی تھی کہ تقریباً 4 بجے شام زمینی سرنگ دھماکہ ہوا۔ اس ٹرک میں سوار اکثر اہلکار تعطیلات گذارنے کے بعد واپس ہوئے تھے اور اپنے قریبی کیمپ روانہ ہورہے تھے ۔ ماؤ نوازوں نے انتہائی چالاکی کے ساتھ بارودی سرنگ کو ایک سراخ میں رکھ دیا تھا جہاں سے تین گاڑیوں پر مشتمل سی آر پی ایف جوانوں کا قافلہ گذر گیا۔ سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے دُرگا پرساد نے کہا کہ ’’یہ جوان ایک کیمپ سے دوسرے کیمپ کو منتقل ہورہے تھے کہ راستہ میں زور دار دھماکہ ہوگیا‘‘۔تاہم ایک سینئر عہدیدار نے دھماکہ کے بعد جوانوں کے قبضہ سے اسلحہ لوٹے جانے کے کسی اندیشہ کو مسترد کردیا۔