داغدار لیڈروں کو ٹکٹ دینے کانگریس تیار

نئی دہلی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رشوت کے الزامات کا سامنا کرنے والے قائدین کو ٹکٹ دینے کے مسئلہ پر تنقیدوں کے درمیان کانگریس نے آج واضح اشارہ دیا ہیکہ وہ اپنے داغدار لیڈروں کو ٹکٹ دے گی جبکہ سابق وزیر ریلوے پون کمار بنسل کو بھی چندی گڑھ سے دوبارہ نامزد کیا جائے گا۔ پونے کے ایم پی سریش کلماڈی کو آنے والے انتخابات میں امیدوار نہیں بنایا جائے گا۔ پارٹی ترجمان رندیپ سورج والا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ پون کمار بنسل کو داغدار قرار دینا غیرمنصفانہ ہے۔ ان کے خلاف کوئی چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی۔ بی جے پی ان کے خلاف رسواء کن مہم چلا رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہیکہ بنسل کے خلاف کوئی الزام نہیں ہے۔ کانگریس ترجمان نے یہ واضح اشارہ دیا کہ سابق وزیر ریلوے کو ٹکٹ دینے سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی کے 194 امیدواروں کی پہلی بڑی فہرست کی اجرائی کے بعد پارٹی نے کسی بڑے تنازعہ سے گریز کیا تھا

لیکن اب دوسری فہرست میں پون کمار بنسل کا نام شامل ہے تو تنازعہ اٹھے گا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کل ہی پون کمار بنسل کے بھانجے وجئے سنگھلا کے خلاف مجرمانہ سازش اور رشوت کے الزام وضع کئے ہیں جنہیں 10 کروڑ کے رقم برائے عہدہ ریلوے رشوت ستانی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس تنازعہ کے بعد بنسل نے وزیر ریلوے کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ایک ایسے وقت جب راہول گاندھی آنے والے لوک سبھا انتخابات میں رشوت کو بہت بڑا مسئلہ بنانے والے ہیں، پارٹی کے اندر یہ بھی خیال فروغ پا رہا ہیکہ پارٹی کیلئے چند بنیادی اعتبار والے اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ قائدین سیاسی انتقام کے باعث ٹکٹ سے محروم نہ ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا کانگریس کیلئے ’’داغدار‘‘ کی تشریح کی ہے آیا تنازعہ میں محصور قائدین کی قسمت پر فیصلہ کرنے کیلئے کوئی اعتبار اور اصول بنایا گیا ہے۔