داعش کی پاکستان اور افغانستان کے انتہا پسندوں میں مقبولیت

اسلام آباد ، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں عسکریت کے حوالے سے سامنے آنے والی تنظیم داعش نے پاکستان اور افغانستان میں انتہا پسندوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانا شروع کر دی ہے۔ دونوں ملک اس سے پہلے اسلامی عسکریت پسندی کے گہواروں کے طور پر شہرت پاچکے ہیں۔ ان ملکوں کے متعلقہ حکام اس صورتحال پر خوف زدہ ہیں کہ اس وبا کے پھیلنے کے خدشات موجود ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ عراق و شام میں خلافت کا اعلان کرنے والی داعش نے پاکستان اور افغانستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد مرتبہ جہادی حلقوں سے فصل لینے کی کوشش کی ہے۔ اس سلسلے میں داعش کے تعارفی کتابچے بھی پاکستان کے شمال مغربی حصوں میں تقسیم کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔۔ اس کے بعد کم از کم تین کم تر درجے کے طالبانی کمانڈروں نے داعش کے خلیفہ ابو بکر البغدادی کی بیعت کا اعلان بھی کیا ہے۔ دونوں ملکوں میں دیواروں پر داعش کے حق میں چاکنگ بھی دیکھی گئی ہے۔ حتی کہ کابل یونیورسٹی ایسی چاکنگ دیکھے جانے کے بعد کئی طلبہ کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے نے اس بارے میں عسکری، فوجی اور سرکاری حکام سے دریافت کیا تو انھوں نے بتایا کہ یہ کچھ مقامی افراد تھے۔