داعش کا گیس پلانٹ پر کار بم حملہ، 8 افراد ہلاک

دمشق۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) شام کے وسطی صوبہ حمص میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ایک گیس پلانٹ کے نزدیک کار بم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس بم دھماکے میں چار فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ داعش کے بمبار نے صوبہ حمص میں واقع فرقلوس گیس پلانٹ کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کے چیک پوائنٹ کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ داعش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے والے دونوں بمبار مارے گئے ہیں۔ وہ دونوں مراکشی شہری تھے مگر شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے اس کے برعکس دعویٰ کیا ہے کہ فوجیوں نے دونوں حملہ آوروں کو پکڑ لیا ہے۔