داعش کا اگلا نشانہ ’’مغرب‘‘ ہوگا : شاہ عبداللہ

جدہ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرماںروا شاہ عبداللہ نے خبردار کیا کہ ہے کہ شام اور عراق میں تیزی سے پیشرفت کرتے جہادیوں پر فوری قابو نہ پایا گیا تو مغرب ان کا اگلا نشانہ ہوگا۔ روزنامہ ’’الشرق الاوسط‘‘ نے شاہ عبداللہ کے حوالے سے کہا کہ اگر ہم انہیں نظرانداز کردیں تو یقین ہے کہ اندرون ماہ وہ یوروپ اور دوسرے ماہ امریکہ پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کل نئے سفیروں بشمول سعودی حلیف امریکہ کے سفیر کی خیرمقدمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی سرحد نہیں ہوتی اور اس کے خطرات مشرق وسطیٰ کے باہر کئی ممالک کو متاثر کرسکتے ہیں۔ داعش کی تیزی سے کئی علاقوں پر مضبوط گرفت اور شام و عراق میں پیشرفت باعث تشویش ہے کیونکہ اس میں کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اجتماعی قتل عام کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ موجودہ تناظر میں بے عملی ناقابل قبول ہوگی۔ ہم دیکھ رہے

ہیں جہادی کس طرح لوگوں کے سَر قلم کررہے ہیں اور بچوں کو جسم سے جدا سڑک پر پڑے سَر دیکھنے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس طرح کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ کوئی راز نہیں رہا۔ جہادی اب تک کیا کرچکے ہیں اور آئندہ وہ کیا کرنے والے ہیں۔ اس کا اندازہ ہوچکا ہے۔ وہ تمام سفیروں سے خواہش کرتے ہیں کہ یہ پیام اپنے قائدین تک پہنچائیں۔ دہشت گردی سے طاقت کے ساتھ پوری توانائی اور انتہائی سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ صدر امریکہ براک اوباما نے ہنوز یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ داعش کے شام میں واقع ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے جائیں یا نہیں جبکہ عراق میں اس طرح کے حملے کئے گئے تھے۔