’داعش کا انگریزی ترجمہ سعودی عرب‘، مائیکرو سافٹ کی معذرت

ریاض ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مائیکرو سافٹ کی ترجمہ کرنے کی ویب سائٹ ’بینگ‘ نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے عربی میں نام ’داعش‘ کا انگریزی میں ترجمہ سعودی عرب کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ روزنامہ خلیج نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر اس ترجمے کی نشاندہی کے بعد کمپنی نے اپنی اس غلطی پر معافی مانگی لیکن بعض صارفین نے کہا کہ صرف معافی ہی کافی نہیں ہے اور حکام کو اس امریکی کمپنی کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر دینا چاہیے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ آئی ایس آئی ایس کا عربی میں مخفف داعش ہے۔ خلیج نیوز کے مطابق سعودی عوام اس ترجمے سے بہت ناراض ہوئے اور مائیکرو سافٹ کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ اْن کے ملک کو دشمن نے دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ سعودی عرب میں مائیکرو سافٹ کے نائب صدر ممدو ناجر نے ٹویٹ کیا ہے کہ یہ واقعہ ’ایک غیر دانستہ غلطی ہے‘۔ ’مائیکرو سافٹ کے ملازم کی حیثیت سے میں ذاتی طور پر سعودی عوام سے معافی مانگتا ہوں۔‘