داعش نے سعودی عرب پر قبضہ کا منصوبہ بنایا تھا

واشنگٹن ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : داعش نے سعودی عرب میں اقتدار کی تبدیلی کے وقت اس ملک پر قبضہ کا منصوبہ بنایا تھا ۔ فاکس نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ان دہشت گردوں نے جو داعش میں شامل ہوئے ہیں ، یہ بیان جاری کیا ۔ داعش نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں سعودی عرب میں ان سے ہمدردی رکھنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اندرون ملک حملہ کریں ۔ ماہرین کے مطابق ایسے وقت جب کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا سانحہ ارتحال ہوچکا اور حکومت کی باگ ڈور شاہ سلمان سنبھال رہے تھے ۔ داعش نے ملک پر حملہ کا منصوبہ بنایا ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ مشرق وسطیٰ کے دولت مند ترین ملک پر قابض ہونا اس کا مقصد ہے ۔۔

عراق میں 78 افراد کا اغوا
داعش نے شمالی عراق میں 78 افراد کا اغواء کرلیا جن میں کرکک کی تیل کی کمپنی کے 15 ورکرس بھی شامل ہیں ۔ عراقی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ داعش ارکان نے جمعہ کو کرکک پر حملہ کرتے ہوئے شمالی تیل کی کمپنی پر قبضہ کرلیا ۔ یہاں انہوں نے 15 ورکرس کا اغواء کرلیا ۔ کرد خود مختار علاقہ کی پیش مرگہ فورسیس نے تیل کی کمپنی پر قبضہ برخاست کرالیا لیکن 15 ورکرس کا پتہ نہ چل سکا ۔ داعش نے بغداد سے تقریبا 250 کیلو میٹر دور واقع تکریت کے مغربی ٹاونس میں 63 چرواہوں اور کسانوں کا بھی اغوا کرلیا ۔ ان میں اکثریت جبوری قبیلہ کی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ مغویہ افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ داعش نے خراب موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ کارروائی کی جب کہ چند گھنٹے قبل کرد فورسیس نے داعش کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کرالیا تھا ۔ ان جھڑپوں میں بے شمار داعش جنگجو اور آٹھ کرد فوجی ہلاک ہوئے ۔ ان میں ایک فوجی جنرل بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ 50 دیگر زخمی ہوگئے ۔۔