داعش میں شمولیت اور شام میں جاری لڑائی میں شرکت

جنوبی افریقہ کے دو ہندوستانی نژاد نوجوان ہلاک
جوہانسبرگ ۔ /31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے دو ہندوستانی نژاد نوجوان داعش کے ساتھ لڑتے ہوئے مبینہ طور پر ہلاک ہوگئے ۔ ذرائع ابلاغ کی رازدارانہ اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ 23 سالہ فیاض ولی شام روانہ ہوا اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ یتیم خانہ کیلئے کام کررہا ہے ۔ لیکن دہشت گرد تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے وہ لڑائی میں ہلاک ہوگیا ۔ ولی کے والد ریاض نے بتایا کہ انہیں یقین نہیں ہورہا ہے کہ ان کا بیٹا دہشت گرد گروپ میں شامل ہوا تھا ۔ دوسرے نوجوان کی شناخت ہنوز ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے ترکی کے راستے شام پہونچ کر داعش میں شمولیت اختیار کی ۔ اس سے پہلے اس نے اپنے تمام قرض ادا کردیئے اور اثاثہ جات تقسیم کردیئے تھے ۔ ان دونوں نوجوانوں کا تعلق یہاں واقع روشنی علاقے سے ہے ۔ یہاں ہندوستانی نژاد عوام کی اکثریت رہتی ہے ۔ شام میں جنوبی افریقہ کے نوجوانوں کی موجودگی اور داعش میں شمولیت کا یہ پہلا واقعہ منظر عام پر آیا ہے ۔