داعش قیادت کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے : امریکہ

واشنگٹن ۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ داعش تنظیم کے آزاد رہنماؤں کا پتہ چلا کر انہیں ہزیمت سے دوچار کیا جائے گا۔ یہ موقف داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کے 5 برس بعد پہلی مرتبہ کسی ویڈیو میں نمودار ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کی شام ایک بیان میں کہا کہ’’شدت پسند تنظیم کے خلاف امریکہ کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد پوری دنیا میں لڑے گا تا کہ ان دہشت گردوں کی دائمی شکست کو یقینی بنایا جا سکے اور تنظیم کی جو قیادت ابھی تک آزاد پھر رہی ہے اسے عدالت کے کٹہرے میں پہنچایا جا سکے تاکہ انہیں وہ سزا ملے جس کے وہ مستحق ہیں‘‘۔