خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں جگن کی اردو تقریر

پی وجیہ ریڈی کی کامیابی کے روشن امکانات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے کل انتخابی مہم کے آخری دن خیریت آباد اسمبلی حلقہ کے مقام مقطعہ مدار میں پارٹی امیدوار وجیہ ریڈی کے انتخابی جلسہ میں کچھ دیر اردو میں تقریر کرتے ہوئے خوشی کی لہر دوڑا دی اور جلسہ گاہ تالیوں سے گونج اٹھا ۔ جگن نے عوام سے معذرت کی کہ وہ فصیح اردو نہیں بول پا رہے ہیں انہوں نے اردو تقریر میں کہا کہ انہیں سیما آندھرا میں اپنی پارٹی کے اقتدار کا یقین ہے ۔ شاید تلنگانہ علاقے میں اگرچہ ان کی پارٹی کو اس مرتبہ اقتدار نہیں ملے گا لیکن آئندہ انتخابات میں پارٹی برسر اقتدار آئے گی ۔ جگن نے وعدہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے عوام کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے کیوں کہ تلنگانہ عوام نے ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو محبت دی ہے ۔ انہوں نے وجیہ ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔۔