خوف خدا سے نکلنے والے آنسو کی بڑی اہمیت

حیدرآباد ۔ /4 ستمبر (پریس نوٹ) قرآن کریم جو ساری انسانیت کیلئے سرچشمہ ہدایت ہے اس کا ترجمہ صرف اٹھارہ زبانوں میں پایا جاتا ہے جبکہ بائبل جو تحریف و ترمیم کا مجموعہ ہے اس کا ترجمہ سوزبان میں موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی نے تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالۂ منکرات پر مرتب کردہ کتاب ’’قرآن حکیم گریہ وزاری و ذکر رسولؐ‘‘ کی رسم اجراء کے موقع پر مسجد سیدہ زاہدہ احمد ، ہاشم آباد بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد سے کیا ۔ مولانا نے گریہ وزاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن سے وابستگی کی بنا پر احکام قرآن کا علم ہوگا اور ذکر رسولؐ سے حیات طیبہ کی جھلکیاں نمایاں ہوں گی تو خودبخود انسان کا ہاتھ دعا کیلئے اٹھ جائے گا اور اس کی آنکھیں اشکبار ہوجائے گی ۔ محمد عبدالنعیم چیرمین تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالۂ منکرات نے کہا کہ آج معاشرہ کا بگاڑ ، خوف خدا اور فکر آخرت کے نہ ہونے کی بنا پر ہے ۔ اس کتاب کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں قرآن کریم کی ان آیات کو جمع کیا گیا ہے جن آیات میں عذاب و عتاب ، حشر و نشر اور رونے کا تذکرہ ہے جسے پڑھ کر ایک پتھر دل بھی رونے پر مجبور ہوجاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ قرآنی و روحانی علاج کا ذکر بھی کردیا گیا ۔ مولانا میر قطب الدین علی چشتی امیر تنظیم آندھراپردیش نے دوران خطاب کہا کہ انسانیت کیلئے تمام نعمتوں سے افضل ترین نعمت قرآن کریم ہے ۔ مولانا نے کہا کہ جس کے اندر جتنی زیادہ اللہ کی معرفت ہوگی اتنا ہی وہ رونے اور گریہ وزاری کرنے والا ہوگا ۔ مولانا ڈاکٹر عبدالمجید نظامی سابق صدر اردو عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ مسلکی اختلاف کو فراموش کرکے امت مسلمہ کو کلمۂ واحدہ کے تحت جوڑا جائے اور نوجوان نسل کی اصلاح کی فکر کی جائے جو آج تباہی کے دہانے پر ہے ۔ مولانا سید آصف عمری امیر تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالۂ منکرات تلنگانہ اسٹیٹ نے کہا کہ یہ قرآن کریم ہی کی تاثیر تھی کہ جو تلوار اسلام کو مٹانے کیلئے نکلی تھی وہی تلوار اسلام کی محافظ و معاون بن گئی ۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم امیر تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالۂ منکرات نے کہا کہ رونے کی صورتیں مختلف ہوتی ہیں کبھی کسی عزیز و رشتہ دار کی جدائی پر رونا آتا ہے تو کبھی کسی رشتہ دار کے رخصت ہوتے وقت آنکھیں امڈ آتی ہیں تو کبھی مصائب و آلام کی تاب نہ لاکر آنکھ بھر آتی ہے لیکن سب سے محبوب ترین آنسو وہ ہیں جو خوف خدا سے نکلتے ہیں ۔ جلسہ کا آغاز مولانا مفتی حافظ محمد قاسم علی زاہد کی تلاوت سے اور اختتام حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کی دعاء پر عمل میں آیا ۔ دعاء سے قبل مجلس گریہ وزاری کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مفتی تنظیم عالم قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ مولانا محمد ممشاد علی صدیقی تنظیم الامور نے 5 سالہ تنظیمی خدمات کی رپورٹ پیش کی ۔ سامعین کی کثیر تعداد شریک مجلس رہی ۔