خود کو ڈی سی پی ظاہر کر کے عوام کو دھوکہ دینے والا شخص گرفتار

وردی اور آئی پی ایس کے نام فرضی شناختی کارڈ ضبط
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) خود کو ڈپٹی کمشنر پولیس ظاہر کرتے ہوئے عوام کو دھوکا دینے والے ایک دھوکے باز کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 42 سالہ راگھویندرا ستیہ پال جورکر ساکن کاچی گوڑہ جو پیشہ سے سکیورٹی آفیسر ہے خود کو آئی پی ایس عہدیدار و ڈپٹی کمشنر آف پولیس ظاہر کرتے ہوئے دھوکے بازی میں ملوث ہورہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ جورکر کو بچپن سے ہی محکمہ پولیس میں ملازمت کرنے کی خواہش تھی جس کے نتیجہ میں اس نے سال 1990 ء اور 92 ء میں پولیس کانسٹبل کا امتحان لکھا تھا لیکن ملازمت حاصل کرنے میں ناکام رہا ۔ سال 2004 ء میں اس نے کاچی گوڑہ پولیس اسٹیشن میں پیس کمیٹی کی رکنیت حاصل کی اور پولیس عہدیداروں سے قریبی تعلقات رکھتے ہوئے محکمہ پولیس سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کرتا رہا ۔ سال 2013 ء میں اس نے کاواڑی گوڑہ علاقہ کے ایک درزی کے پاس اس نے پولیس یونیفارم تیار کروایا اور بعد ازاں ’’آر ایس جورکر‘‘ آئی پی ایس کے نام کا ایک شناختی کارڈ تیار کیا اور خود کو ڈپٹی کمشنر آف پولیس ظاہر کرنے لگا ۔ اتنا ہی نہیں اس نے اپنی خانگی گاڑی پر پولیس کا سائرن اور لال بتی بھی لگالی اور نمبر پلیٹ پر سرکاری گاڑی ہونے کی تحریر بھی کی ۔ پولیس نے بتایا کہ اپنے فرضی شناختی کارڈس اور کار کے سائرنس اور لال بتی کی مدد سے اس نے ٹول گیٹس پر ٹول ٹیکس ادا نہیں کیا کرتا تھا ۔ دھوکہ باز نے عابڈس کے بڑے موبائیل فون کے جگدیش مارکٹ میں بھی کئی مرتبہ گشت کیا کرتا تھا اور خود کو ڈی سی پی ظاہر کرتے ہوئے عوام کو خوفزدہ کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے جورکر کی دھوکے بازی میں ملوث ہونے کی اطلاع پر اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے پولیس کی وردی ، کار اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے کاچی گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا ۔