خود کش دھماکہ میں 9افراد ہلاک

لاہور،15مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں تبلیغی اجتماع کیلئے مشہور رائے ونڈ میں ایک خود کش بم دھماکے میں 9لوگوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے ۔پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے رائیونڈ میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر ہوئے دھماکے میں کم سے کم پانچ پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر نے بتایا کہ اس خود کش حملے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔رائیونڈ میں یہ دھماکہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب رائیونڈ میں مذہبی اجتماع جاری ہے جو 18 مارچ تک جاری رہے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ مذہبی اجتماع کے باہر موجود سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہوا ہے ۔